عالمی برادری بھارت کو بیگناہ کشمیریوں پر مظالم سے روکے ، نعیم خان
ایس حمید وانی کو شہادت کی برسی پر خراج عقیدت
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے بھارتی فورسز کی طرف سے بے کشمیریوں کی بلا جواز گرفتاری میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو بیگناہ کشمیریوں پر مظالم سے روکے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی پارلیمنٹ کے نام نہاد انتخابات سے پہلے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری میں تیزی لائی ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طو رپر سلب کر لیا ہے ، اختلاف رائے کو بے رحمی سے دبایا جا رہا ہے ،سیاسی اور حقوق کے کارکنوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ گرفتار کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں سے بہت دور بھارتی جیلوں میں قید ہیں ۔ انہوںنے واضح کیا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کا حصول ہے ، کشمیریوں کابھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے انتخابی ڈراموں سے کوئی لینا دینا نہیں۔
نعیم احمد خان نے اپنے پیغام میں شہید مزاحمتی رہنما شہید ایس حمید وانی کو آج انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس حمید نے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جان قربان کی۔ بھارتی فوجیوںنے ایس حمید وانی کو 18 اپریل 1998 کو سری نگر میں شہید کیا تھا۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید وانی کو 26ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی میں شہید کی خدمات ہمیشہ یا د رکھی جائیں گی۔
جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ایس حمید وانی کی جاری جدوجہد آزادی میں بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما ایک دیانتدار انسان تھے جنہوں نے زندگی بھر تحریک کی خدمت کی اور آخرکار شہادت پا لی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کئی دیگر حریت رہنماوں غلام محمد خان سوپوری، محمد یاسین عطائی اور امتیاز ریشی نے بھی اپنے بیانات میںشہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جری و بہادر رہنما تھے۔