کپواڑہ: قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف لوگوں کا احتجاج مظاہرہ
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ میںلوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے گاﺅں گجرنار میں لوگ خود کو درپیش مسائل کیخلاف احتجاج کیلئے سڑکوں پر آگئے ۔ انہوںنے مسائل کے حل کے حل کے حوالے سے بے حسی کا مظاہرہ کرنے پر انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں کو بتایا کہ علاقے کی سڑک انتہائی خستہ حال ہے ، سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑے ہیں اور یہ بارش کی صورت میں تالاب کا منظر پیش کرتی ہے۔ سلام دین نامی ایک شخص نے کہا کہ رینگ پاتھ کو گجر نار سے جوڑنے والی سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے ، ہم برسوں سے اسکی مرمت کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے جبکہ کمزور موبائل فون سگنل کے باعث بھی لوگ شدید مشکلات کا شکا رہیں۔
انہوںنے کہا کہ علاقے میں بجلی کے لٹکتے تاروں اور بوسیدہ کھمبوں کے سبب لوگوں کی جانیں شدید خطرے سے دوچار ہیں، انتظامیہ نے ان تمام مسائل سے آنکھیں چرا رکھی ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔