بی جے پی جھوٹ بولنے اور حقائق کو مسخ کرنے سے زندہ ہے: نیشنل کانفرنس
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ بی جے پی جھوٹ بولنے اور حقائق کو مسخ کرنے سے زندہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ این سی کا منشور دلتوں، گجروں، بکروالوں یا پہاڑیوں کی ریزرویشن ختم کر نا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد ریزرویشن پر 50فیصد کی حد کو لاگو کرکے انصاف کو یقینی بنانا ہے جس کی ہدایت بھارتی سپریم کورٹ دی ہے۔انہوں نے اس الزام کو مسترد کر دیا کہ این سی تاریخی مقامات کا نام تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دعوے بی جے پی کی تقسیم کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔روح اللہ مہدی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جھوٹ بولنے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سے بی جے پی اور اس کی حکومت قائم ہے۔انہوں نے بی جے پی پر زور دیا کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلانا بند کرے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے پہلے ہی اپنے جھوٹ اورجعلی خبروں سے کشمیریوں کی شناخت اور وقار کو داغدار کر دیا ہے۔
واضح رہے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاتھا کہ کانگریس اقتدار کے حصول کے لئے نیشنل کانفرنس کے ساتھ شراکت داری کرکے قومی اتحاد اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔انہوں نے این سی کے منشورخاص طور پر مختلف طبقوں کی ریزرویشن اور سرینگر میں مخصوص مقامات کے نام تبدیل کرنے پر اس کے موقف پر بھی سوال اٹھایا تھا۔