بی جے پی کشمیریوں کو خاموش کرانے کے لیے این آئی اے کو بطورہتھیار استعمال کر رہی ہے: الطاف وانی
اسلام آباد15مئی (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سیاسی رہنمائوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی شدید مذمت ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی نسل پرست حکومت حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی خاطر بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں جمہوری اختلاف کو دبانے کے لئے این آئی اے کے خوفناک کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کی خواہشات اور تصورات پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں ، انسانی حقوق کے کارکنوں، تاجروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو نشانہ بنانا اس کا معمول ہے۔ این آئی اے کے مسلسل چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا بی جے پی نے نام نہاد تحقیقاتی ایجنسی کو کشمیریوں کو ہراساں کرنے اوران کی تذلیل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔انہوں نے این آئی اے کی طرف سے حریت رہنمائوں پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سارا عمل محض سیاسی انتقام ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی رہنمائوں اورکارکنوں کے خلاف توہین آمیز مہم بی جے پی حکومت کی سازش کا حصہ ہے تاکہ انہیں بدنام کیا جائے اور انہیں تخریبی سرگرمیوں سے جوڑکران کی نظر بندی کو طول دیا جا سکے۔ الطاف وانی نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارتی عدالتیں جو حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں، کشمیری نظربندوں کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں یہاں تک کہ عام کشمیریوں کو بھی جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔