اترپردیش کی عدالت نے تجاوزات کی آڑ میں مسجد کو منہدم کرنے کا حکم دیدیا
لکھنو : بھارتی ریاست اتر پردیش کی ایک عدالت نے ضلع فتح پور کی تحصیل بنڈکی میں سرکاری زمین پر تجاوزات کی آڑ میں ایک مسجد کو منہدم کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسجد مسمار کرنے کا حکم محکمہ ریونیو کی عدالت نے دیا ہے ۔ یہ حکم تحصیلدار کی عدالت نے مالوان گائوں میں مسجد کے مقام کو چیلنج کرنے سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا۔وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو انتہا پسند تنظیموں نے مسجد کی تعمیر کے مقام پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت میں عرضداشت دائر کی ہے ۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیاہے کہ مسجد سرکاری زمین پرتعمیرکی گئی ہے۔ ہندتوا تنظیموں نے مسجد کو مسمار کرنے کیلئے جولائی میں ہندو پنچایت کا اہتمام بھی کیا تھا۔مسجد انتظامیہ کمیٹی کے ایک سینئر رکن نے کہاہے کہ سینئر ارکان سے مشاورت کے بعدفیصلے کے خلاف اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیاجائیگا۔