کشمیریوں نے تقسیم پیدا کرنے کی بھارتی کوشش ناکام بناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ عید میلاد النبیۖ منائی
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں عید میلاد النبیۖ کی تاریخ کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی بھارت کی کوششوں کے باوجود کشمیری پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر پیغمبر اسلام ۖکا یوم ولادت منارہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکومت نے جان بوجھ کر پیغمبر اسلام ۖکے یوم ولادت پر تعطیل کے حوالے سے کوئی واضح حکم جاری کرنے سے گریز کیا اور لوگوں کو گمراہ کیا کہ وہ اصل یوم ولادت یعنی منگل سے ایک دن پہلے سوموار کو بھارتی کیلنڈر کے مطابق عید میلادا لنبیۖ منائیں۔سرکاری ملازمین کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ وہ کام پر جائیں یانہ جائیں کیونکہ جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ اس معاملے پر خاموش رہا۔ ایک سرکاری ملازم غلام جیلانی نے بتایاکہ ہمیں اس سلسلے میں جے اینڈ کے بینک کے کیلنڈر پر انحصار کرنا پڑا ۔وادی بھر کے اسکولوں کو بھی اسی طرح کے ابہام کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم کشمیریوں نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقسیم پیدا کرنے کی بھارتی حکومت کی کوشش کو ناکام بنادیا اور اپنے عقیدے اورروایات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ عید میلاد النبی ۖ منائی۔ سرینگر کی درگاہ حضرت بل میں ہزاروں لوگوں نے رات بھر عبادات کیںجبکہ پورے مقبوضہ علاقے میں مساجد اورخانقاہوں میں اجتماعات اور تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔ درگاہ حضرتبل کو برقی قمقموں اورسبزجھنڈیوںسے سجایا گیا تھا اور نماز فجر کے بعد عقیدت مندوں کو پیغمبر اسلام حضرت محمدۖکے موئے مقدس کی زیارت کرائی گئی۔