6ستمبر جوانمردی، بہادری، جرات اورہمت کے دن کے طورپریادرکھاجاتاہے: وزیر اعظم
اسلام آباد:یوم دفاع وشہدا ء کے موقع پراپنے پیغام میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ چھ ستمبر جوانمردی، بہادری، جرات اورہمت کے دن کے طورپریادرکھاجاتاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے کہاکہ یہ دن ہم سے تقاضاکرتاہے کہ حب الوطنی اورپاکستان کی خدمت کے جذبے کااعادہ کریں اورارض پاک کے ان جانبازسپوتوں کوخراج عقیدت پیش کریں جنہوں نے وطن کی سلامتی یقینی بناتے ہوئے شہادت کارتبہ حاصل کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک کادفاع محض چھ ستمبرتک محدودنہیں بلکہ پوری زندگی پرمحیط ہے اور اس میں زمینی اورنظریاتی سرحدوں سمیت تمام پہلوشامل ہیں جنہیں محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ آج جب پاکستان کو انتہاپسندی ،دہشتگردی اور بیرونی جارحیت کی شکل میں سیکیورٹی کے متعدد چیلنجزکاسامناہے،پوری قوم پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی کے خلاف مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔