یوگی حکومت تشدد اور خونریزی سے اترپردیش کی شبیہ بگاڑ رہی ہے ، اکھلیش یادو
نئی دلی:
بھارت میں سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ریاست میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ تشدد اور خونریزی سے اتر پردیش کی شبیہ کوبگاڑنا ریاست کے مستقبل کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق اکھلیش یادو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ کسی کا بھی جعلی انکاونٹر ناانصافی ہے۔انہوں نے پیر کو پولیس کے ساتھ مقابلے میں سلطان پور میں ڈکیٹی کے ملزم کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سب سے کمزور لوگ ہی ‘انکاونٹر’کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں ۔اکھلیش یادو نے کہاکہ اتر پردیش کے عوام نے جس طرح لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو شکست دی ہے، بی جے پی حکومت عوام سے اسی کا بدلہ لے رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یوگی حکومت کو معلوم ہے کہ وہ مستقبل میں پھر کبھی برسراقتدار نہیں آئے گی اسی لئے وہ دانستہ طورپر اتر پردیش کے حالات خرب کر رہی ہے۔