بھارت
نرسنگھا نند کا بیان ناقابل برداشت ہے :جمعیت علمائے ہند
نئی دہلی:بھارت کی سرکردہ مسلم تنظیم جمعیت علمائے ہند نے ریاست اتر پردیش کے علاقے غازی آباد میں واقع داسنا دیوی مندر کے ہیڈ پجاری یتی نرسنگھا نند کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ایک بیان میں کہا کہ نرسنگھا نند نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ کے خلاف توہین آمیزبیان دیا جو ناقابل بیان اور ناقابل برداشت ہے اور اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ ارشدمدنی نے نرسنگھا نند کے بیان کو بھارت کی سالمیت کے لیے خطرہ قرار دیا اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نرسنگھا نند کے خلاف محض رپورٹ درج کرنا ناکافی ہے اور ان کی گرفتاری ضروری ہے۔