APHC-AJK

تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کاقومی سطح پریوم یکجہتی فلسطین منانا خو ش آئند اقدام ہے،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے قومی سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میںپاکستان کی تمام سیاسی،مذہبی اور سماجی جماعتوں کی طر ف سے متفقہ طور پر قومی سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کو انتہائی مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔ اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ اس اقدام سے پاکستان میں سیاسی استحکام آئے گا اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی اور مملکت خداداد پاکستان میں ہر سطح پر اتحاد واتفاق کو فروغ ملے گا اور نفرت کے خاتمے کا آغاز ہوگا۔ حریت کانفرنس کی قیادت نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ جس طرح پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے آج مسئلہ فلسطین پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے ۔اسی طرح وہ امت مسلمہ کودرپیش دیگر مسائل بالخصوص کشمیر پر بھی ایک ہوکر کشمیریوں کی صحیح معنوں میں پشتیبانی کا فریضہ انجام دیںگی۔حریت قائدین نے کہا کہ اسوقت کشمیر کا مسئلہ انتہائی نازک موڑ پر کھڑا ہے۔جموںو کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو ختم کیاجارہا ھے۔ کشمیر میں مسلمان کا جان ومال اور دین و ایمان خطرے میں ہے۔42 لاکھ غیر کشمیری ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تیزی سے تبدیل کیا جارہاہے۔ مدارس،سکولوں اور کالجوں میں ہندتوا کا پرچار شروع ہو گیا ہے ۔ آزادی پسندکشمیریوں سے ان کے گھر، جائیدادیں اور ملازمتیں چھینی جارہی ہیں۔ حریت قائدین نے کہاکہ موجودہ سنگین صورتحال کا تقاضا ہے کہ اس اہم مسئلے کا باوقار ،پر امن اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تلاش کرنے کے لیے متحد و منظم ہوکر کوششیں کی جائیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button