سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں کشمیری عوام سے کل (جمعرات کو( بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سرینگر کے دورے کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں بشمول جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور دیگر کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں درج تحریروں میں کہاگیا ہے کہ ‘مودی مسلمانوں کا قاتل ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیرمیں قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ‘۔پوسٹروں کے مطابق مودی کی ہندوتوا حکومت نے فوجی طاقت کے پر کشمیریوں سے دفعہ 370اور 35Aسمیت انکے تمام حقوق سلب کر لئے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے مذموم عزائم اور کشمیری عوام کے خلاف بھارتی فوجیوں کے مظالم نے جموں وکشمیر کو جہنم بنا دیا ہے۔ پوسٹروں میں مزیدکہا گیا ہے کہ نریندر مودی ایک دہشت گردہے جو کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ہندوتوا نظریات کی حامل بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کے طورپر نریندر مودی نے کشمیریوں کی منفرد شناخت کو تبدیل اور سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں اور اداروں پر پابندی عائد کردی ہے ۔پوسٹروںکے مطابق بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ اور اسٹیٹ سبجیکٹ قوانین کو تبدیل کر کے لاکھوں غیر کشمیری ہندوئوں بشمول بھارتی فوجیوں اور تاجروں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ جاری کئے ہیں تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے ۔ پوسٹروں میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیتے ہوئے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ہے ۔