یونین ٹیر یٹری کا یوم تاسیس کشمیریوں کیلئے ” یوم سوگ“ ہے، طارق حمید
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے نام نہاد یونین ٹیریٹری کا یوم تاسیس منانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے” یوم سوگ“ قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گزشتہ روز یوم تاسیس کی تقریب کا انعقاد کیا ۔ مقبوضہ علاقے کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت تمام مقامی سیاست دانوں نے تقریب کا بائیکاٹ کیا ۔ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے براہ راست نئی دلی کے زیر انتظام علاقے(یونین ٹیریٹری) میں تبدیل کر دیا تھا۔
کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے صدر طارق حمید قرہ نے سرینگر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ غیر جمہوری اور غیر آئینی طریقے سے چھین لیا گیا لہذا کشمیری کیونکر جشن منائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، جموںوکشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کیا گیا ،یہ ہمارے لیے جشن کا نہیں بلکہ سوگ کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے جذبات کو نظر انداز کرنا ناقابل قبول ہے، ان کے حقوق چھیننے کے بعد ان کے نمائندوں سے اس نام نہاد جشن میں شرکت کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹیریٹری یوم تاسین کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر عمر عبداللہ اور دیگر مقامی سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ قرہ کا بیان گورنر کے تنقیدی بیان کے تناظر میں سامنے آیا ہے