آغا سید حسن کا جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر مسلسل پابندی پر اظہار تشویش
سرینگر03 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر مسلسل پابندی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے آج کشمیری مسلمانوںکو مسلسل 17 ویں ہفتے اوررواںبرس 43 ویں مرتبہ جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام قصبے میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حکام کے اس اقدام کو مکمل طور پر غیر جمہوری اور مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔بڈگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں نکالی گئی ۔احتجاجی ریلی میں انجمن شرعی شیعیان کے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی۔ آغا سید حسن نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بڈگام کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی کی گئی اور سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔