مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں نے بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے آج ضلع سرینگر کے علاقے اشبر نشاط کے زبرون جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی اور گولیاں چلائیں۔بھارتی پولیس کے ایک سینئر افسر نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زبرون کے جنگلات میں عسکریت پسندوں اور بھارتی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
ادھربھارتی فوجیوں نے آج ضلع کشتواڑ کے علاقے چاس میں ایک اور بڑا آپریشن شروع کردیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ علاقے میں کچھ عسکریت پسندوںکی موجودگی کے بارے میں اطلاعات کی بنیاد پر بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروںنے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے سوپور، بانڈی پور، ہندواڑہ، کپواڑہ، گاندربل اور کنگن کے مختلف علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔