مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے مزید چار اموات، 141نئے کیسز رپورٹ
سرینگر 08 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 141 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وائرس سے مزیدچار افرادکی موت ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وائرس سے وادی کشمیر میں دو اور جموں خطے میں اتر پردیش کے ایک بھارتی شہری سمیت دو افراد کی موت ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے 141 تازہ کیسز میں سے 103 وادی کشمیرسے، 29 جموںخطے سے اور 9 لداخ خطے سے سامنے آئے ہیں۔
دریں اثناءسرینگر میں اسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس نے عملے کے کچھ ارکان میں وائرس کی تشخیص ہونے کے باعث ادارے کو پانچ دن کے لیے بند کر دیا ہے ۔ کالج انتظامیہ نے 11 دسمبر تک ہر قسم کی سرگرمیاں بند رکھنے کا اعلان کیاہے۔