بھارت کو بی جے پی اور آر ایس ایس سے خطرہ لاحق ہے ، ملکار جن کھڑگے
نئی دلی:
کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بھارت کو بی جے پی اورآر ایس ایس سے خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ صبح سے شام تک لوگوں کوتقسیم کی بات کرتی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے ممبئی میں ”آئین اور جمہوریت بچائو کانفرنس ”سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی ،راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کانشانہ بنایا۔انہوں نے بی جے پی کے نعرے ”کٹیں گے تو بٹیں گے” پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آج کل نئے نئے نعرے لگا رہی ہے، مگر ان کا بنیادی مقصد ملک کو تقسیم کرنا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اب اپنی حکومت کے لیے نتیش کمار اور چندرابابو نائیڈو پر انحصار کر رہے ہیں۔ مودی جی الیکشن میں400سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی بات کر کے لوگوں کو ڈراتے تھے، مگر اب خود ان کی حکومت اکثریت میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پرانے وقتوں میں حکومت کے سربراہ اپوزیشن لیڈروں سے ملتے تھے، مگر آج مودی اپوزیشن اور صحافیوں دونوں سے نہیں ملتے ہیں۔کانگریس کے صدر نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس نے اپنے نظریے اور منو اسمرتی کے ذریعے سماج میں تقسیم کا بیج بو دیا ہے۔ملکار جن کھڑگے نے مزید کہا کہ مودی جہاں حکومت نہیں بنا سکتے، وہاں سیاسی رہنمائوں کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی جیسی تحقیقاتی ایجنسیاں لگا دیتے ہیں اور انہیں مختلف الزامات میں جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرتی ہے۔ یہ لوگ خواتین کے احترام کی بات کرتے ہیں، مگر آج تک کوئی خاتون آر ایس ایس کی سربراہ نہیں بن سکی۔ ان لوگوں نے ابتدا میں خواتین کو ووٹ کا حق دینے کی بھی مخالفت کی تھی۔کھڑگے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں صحیح فیصلہ کریں تاکہ ملک اور آئین کو مضبوطی ملے۔