بیرون ملک مقیم کشمیری وطن کی آزادی کے لیے اجتماعی کوششیں کریں
ہائی لینڈ، میری لینڈ: امریکہ اور کینیڈامیں مقیم کشمیریوں کی تنظیموں اوررہنمائوں نے میری لینڈ امریکہ میں منعقدہ ایک تقریب میں تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اتحادواتفاق اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میزبان سردار ذوالفقار روشن خان نے کہا کہ ہم سب ایک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ہے کشمیر۔جے کے ایل ایف کے رہنماڈاکٹر توقیر گیلانی نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کی حکمت عملی اورحق خود ارادیت کے لیے ایک متحدہ پلیٹ فارم پر توجہ دیں۔ ڈاکٹر امتیاز خان نے آزاد کشمیرسے تعلق رکھنے والے افرادکے فعال کردار کی تعریف کی اور ایک منصوبہ بند کارروائی اور حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ایڈووکیٹ سردار انور نے جے کے ایل ایف کے چیئرمین یاسین ملک کی رہائی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا۔ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کشمیر میں نسل کشی کے بارے میں خبردار کیا اورتنازعہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی رائے عامہ اور قیادت کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں کشمیر کی آزادی اور خود ارادیت کے حصول کے لیے اتحاد، حکمت عملی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔شرکا ء نے مہمان نوازی کو سراہا اور سردار ظریف خان اور سردار سوار خان کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔