بھارت : یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی فنڈنگ روک دی
نئی دہلی: بھارت میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی”سنٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی” کی خصوصی حیثیت منسوخ کرکے اس کی فنڈنگ روک دی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شعبہ اردو جسے 2011میں سنٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کی خصوصی حیثیت کا درجہ دیا گیا تھا، اردو تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کا مرکز رہا ہے جس سے پسماندہ طبقات کے طلبا ء استفادہ کرتے تھے۔ یو جی سی کے فیصلے سے اس شعبے کو اپنے تحقیقی پروجیکٹوں اور بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔۔سی اے ایس کی حیثیت کی منسوخی سے اقلیتی برادریوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے بارے میں حکومت کے رویے پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اقلیتی اداروں کو نظر انداز کرنے کی و سیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔اس اقدام سے بھارت میں اردو مطالعے کے مستقبل کے بارے میں بھی خدشات پیدا ہوئے ہیں، طلباء اور فیکلٹی ممبران نے اپنے تعلیمی مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا اظہار کیا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سی اے ایس کی حیثیت کو بحال کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن اس فیصلے سے حکومت کے کردارپر سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔