کاکروچ جنتا پارٹی مودی حکومت کی 12سالہ حکمرانی کے خلاف سب سے بڑی او رموثر آواز

نئی دلی:بھارت میں نوجوانوں کی جانب سے شروع کی جانے والی حالیہ احتجاجی تحریک وزیرِ اعظم نریندر مودی کی 12 سالہ حکمرانی کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی اور موثر آواز بن کر ابھری ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ‘کاکروچ جنتا پارٹی’نے مودی حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ملک میں مزید ‘ہندو مسلم کارڈ’ استعمال کرنے سے باز رہے۔ تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ 12 سال کے دوران بھارت کی تمام تر سیاست اور ریاستی بیانیے کو صرف ہندو مسلم ایجنڈے تک ہی محدود کر رکھا ہے۔معروف بھارتی اخبار "ہندوستان ٹائمز” کی رپورٹ کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا یہ مخصوص مذہبی ایجنڈا بھارتی نوجوانوں کے بنیادی اور سلگتے ہوئے مسائل، بالخصوص ملک میں بڑھتی ہوئی شدید بے روزگاری کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ تنظیم نے موقف اختیار کیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس یکطرفہ ہندو مسلم بیانیے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر کے مودی حکومت کو اپنی ترجیحات بدلنے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھارتی وزیرِ تعلیم کے حالیہ استعفے کے بعد، اب ان کی تنظیم ملک کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ایک متبادل اور جامع قومی ایجنڈا تیار کرے گی تاکہ ملکی ترقی کو حقیقی بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔







