گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری ” را” کے اس وقت کے سربراہ سمنت گوئل نے دی تھی
واشنگٹن :امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے امریکی شہری اور سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے قتل کی منظوری بھارتی خفیہ ایجنسی” را” کے اس وقت کے سربراہ سمنت گوئل نے دی تھی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنسیوں کے مطابق کرائے کے قاتلوں سے رابطہ” را ”کے افسر وکرم یادو نے کیا۔ را نے قتل کا حکم اس وقت دیا جب جون 2023میں نریندر مودی امریکہ کے دورے پر تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سمنت گوئل پر بھارت سے باہر سکھ علیحدگی پسندوں کو ختم کرنے کا شدید دبائو تھا۔ امریکی ایجنسیوں کے خیال میں بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول منصوبے سے واقف تھا۔ وکرم یادو نے گرپتونت سنگھ پنوں کا نیویارک کا پتہ کرائے کے قاتلوں کو دیا۔ وکرم یادوکی شناخت اور” را” سے اس کا تعلق پہلی بار رپورٹ ہوا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ تعلق ثابت کرتا ہے کہ قتل کے منصوبے میں” را” براہِ راست ملوث تھی اور قتل کی سازش میں را کے کئی اعلیٰ عہدے دار ملوث پائے گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ایجنسیوں نے ملزمان کے مودی کے قریبی حلقے سے ممکنہ روابط کے شواہد بھی حاصل کر لیے۔