وزیراعظم آزاد کشمیرکی کشمیرجرنلسٹ فورم کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیرکے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کشمیرجرنلسٹ فورم کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباددیتے ہوئے صحافتی تنظیموں میں جمہوری عمل کے تسلسل اور معاشرے میں درست اطلاعات کی فراہمی میں ان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے کشمیر جرنلسٹس فورم کے نومنتخب صدر سردار عرفان سدوزئی ،سیکرٹری جنرل مقصود منتظر صوفی، سینئر نائب صدر اقبال اعوان، دانش ارشاد ، سیکرٹری فنانس سردار عمران، سیکرٹری اطلاعات علی حسنین نقوی اور دیگر عہدیداروں کے نام اپنے تہنیتی پیغام ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام سول سوسائٹی کے اداروں میں جمہوری رویوں،عمل اور روایات کا خیرمقدم کرتی ہے بالخصوص جب فیک نیوزسے معاشرے میں بگاڑ اور نظریاتی افکار کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوششیں ہوں تو مستند صحافی اور میڈیا ہی درست اطلاعات بہم پہنچانے کا فریضہ ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقابلے میں آزاد کشمیر میں آزادی رائے کی مکمل آزادی ہے اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کا مربوط نظام موجود ہے جو کہ دراصل آزادکشمیر کے جمہوری معاشرے کا ہی ثمر ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیدار اپنے ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینرغلام محمد صفی اوردیگر حریت رہنمائوں نے ایک بیان میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہیاور نو منتخب عہدیداران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر جرنلسٹ فورم صحافیوں کی ایک توانا آواز ہے اور کے جے ایف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے۔حریت قائدین نے یقین ظاہر کیاکہ کے جے ایف اپنے قلم سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچائے گی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریگی ۔