نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی طرف سے کشمیری شہداء کو شاندر خراج عقیدت
مظفر آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگران وزیراعظم مظفر آباد کے دو روزہ دورے کے دوران یادگار شہداء پر گئے۔ انہوں نے یادگار شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے یادگار شہداپر جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے قربانیاں دینے والے رہنمائوں کی تصاویربھی دیکھیں۔ بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی پہنچے جہاں انہیں آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کایہ دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کی بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے توثیق کے تناظر میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کر رہے ہیں ۔اس سے قبل مظفر آباد آمد پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہیلی پیڈ پرنگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔