چھتیس گڑھ : فورسز نے چارافراد ہلاک کر دیے ، تصادم میں پولیس اہلکار ماراگیا
گجرات میں پیراملٹر ی کانسٹیبل نے خودکشی کر لی
دنتے واڑہ، :بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے باستر میں فورسز نے چار افرادہلاک کردیے ہیں۔فورسز نے ہلاک ہونےو الوںکو نکسل علیحدی پسند قرار دیتے ہوئے کہاکہ جھڑپ میںایک پولیس اہلکار بھی ماراگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورسزنے مزیدکہاکہ نکسل علیحدگی پسندوں کےساتھ تصادم کاواقعہ ہفتہ کی شام جنوبی ابوجھماد کے گھنے جنگل میں پیش آیا۔ فائرنگ کا تبادلہ ختم ہونے کے بعد جائے وقوعہ سے چار نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ فورسز نے خودکار ہتھیاروں کو ضبط کرنے کا دعویٰ بھی کیا جس میں ایک کلاشنکوف رائفل بھی شامل ہے۔تصادم میںپولیس ہیڈ کانسٹیبل سنو کرم کی جان چلی گئی۔
دریںاثنا ریاست گجرات میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس ” سی آئی ایس ایف“ کانسٹیبل نے خودکشی کر لی۔ 32 سالہ کانسٹیبل کی شناخت کسن سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو سورت ایئرپورٹ پر تعینات تھا۔ اس نے اپنی سروس رائفل سے پیٹ میں گولی مار کر خودکشی کی۔ وہ جے پور کا رہنے والا تھا۔