بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے : مقررین سیمینار
مظفرآباد:کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام مظفرا باد میں” یوم حق خودارادیت اور تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقادکیاگیاجس میں کہاگیا کہ جب تک کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں یہ مسئلہ ختم نہیں ہو سکتا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کا انعقاد پاک فوج، ڈویژنل انتظامیہ اورکشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے تعاون سے کیا گیا ۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارادوں کی موجودگی میں کسی ملک یا اسمبلی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت سے متعلق کوئی فیصلہ کرے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتاہے بلکہ کشمیریوں کا حق خودارادیت پاکستان کے آئین میں شامل ہے۔مقررین نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔ جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت کا کوئی ہتھکنڈا کامیاب نہیں ہو سکا، اس لئے اس نے آخری حربے کے طور پر کشمیریوں کے اندر تقسیم اورتفریق پیدا کرنے کی سازشیں شروع کر رکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اتحاد ویگانگت سے بھارت کی اس مکروہ سازش کو ناکام بنانا ہے ۔ بھارت شروع دن سے ہی اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کو نکالنے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن پاکستان نے یہ کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں ۔سیمینار سے دیگر لوگوں کے علاوہ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن ،سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آربریگیڈیئر طارق سہیل ،ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان ، راجہ زاہد محمود، لیکچرر جامعہ کشمیر مدیحہ شکیل اورڈائریکٹر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ نے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام اورجامعات کے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔