کشمیری بھارتی سنگینوں کے سائے میں بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں: مقررین تقریب
لاہور:یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں مقررین نے کہا کہ کشمیری بھارتی سنگینوں کے سائے میں اپنے پیدائشی حق کے لئے بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقررین نے کہاکہ 5جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان وبھارت نے کشمیریوں کو بنیادی حق، حق خودارادیت دینے کیلئے ایک قرارداد منظور کی جسے پاکستان اور بھارت دونوں نے تسلیم کررکھا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ مقررین نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بارہا اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اعادہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحد اورپائیدار حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈالا اورمسئلہ کشمیر کے حل میں ہمیشہ رکاوٹیں پیدا کیں جبکہ اس نے مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے۔مقررین نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اورپیدائشی حق ہے جس کے حصول کے لیے لاکھوں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔تقریب سے دیگر لوگوں کے علاوہ مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کے نائب صدرسیدنصیب اللہ گردیزی، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر، انعام الحسن، پی ٹی آئی رہنما مرزا صادق جرال،فاروق آزاد، ،صدر جمعیت اتحاد العلماء لاہور احسان اللہ تبسم، شہزاد نازکی، علامہ فداء الرحمان، عبدالمجید بٹ، قاضی انوار، نوید ملک اورمقبول اعوان نے بھی خطاب کیا۔