APHC-AJK

چوٹہ بازار سرینگر کے شہدا ء کو ان کے یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت

12365
اسلام آباد; شہدائے چوٹہ بازار سرینگر کو ان کے یوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تعزیتی اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 1991 میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں بھارتی فوجیوں نے بے گناہ اورنہتے دکان داروں ، راہ گیروں ، خواتین اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے کم از کم 32معصوم کشمیریوں کوشہید اور 22 کو زخمی کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلا اور آخری واقعہ نہیں ہے بلکہ بھارتی فورسز نے دل دہلانے والے ایسے بیسیوں واقعات انجام دیے ہیں۔حریت رہنما نے کہاکہ ہم ان شہدا ء کیساتھ عہد کرتے ہیں کہ ان کے ادھورے مشن کو ہر صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم دشمن کو بھی یہ باور کراتے ہیں کہ ہم آپکے مظالم کو نہیں بھولے ہیں اورظلم و بربریت کے باوجود حصول آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ دیگرمقررین نے چوٹہ بازار کے شہدا ء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، املاک کی تباہی ، گھروں میں گھس کرخواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کرنا،جائیدادوں کی ضبطی اورکشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اب مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک معمول بن چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔مقررین نے کہا کہ اس ظلم و بربریت کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا نے کے لئے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔آخر پر شہدائے چوٹہ بازار سمیت تمام شہدائے جموں و کشمیر کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی ۔ اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ محمود احمد ساغر، ایڈوکیٹ پرویز احمد، میر طاہر مسعود، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، شمیم شال ، حسن ا لبناء ، زاہد مشتاق، زاہد صفی، گلشن احمد، کفایت حسین رضوی،شیخ عبدالماجد ، حاجی سلطان بٹ، جاوید اقبال بٹ،دائواد یوسف زئی، عدیل مشتاق وانی، محمد شفیع ڈار، قاضی عمران،بشیر عثمانی،اقبال بلوچ،مشتاق احمد بٹ اوررئیس احمد میر نے بھی شرکت کی

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button