بھارت: ایک ہی خاندان کے5افرادکی لاشیں برآمد
نئی دلی:بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ہی خاندان کے 5 افرادگھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سینئر پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایاہے کہ ایک شخص اسکی بیوی اور تین بچیاں ایک گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ یہ واقعہ نئی دہلی سے تقریبا 46میل دور اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا۔میرٹھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس وپن ٹاڈا نے بتایا ہے کہ گھر کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔تینوں بچیوں کی عمریں دس سال سے کم تھیں ، ان کی لاشیں ایک بیڈ باکس کے اندر سے ملیں جبکہ میاں اور بیوی کی لاشیں زمین پر پڑی پائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد کے سر پر چوٹ کے نشانات موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں ذاتی دشمنی کی وجہ سے قتل کا واقعہ لگتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گھر کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا جس سے ظاہرہوتا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد اورمتاثرہ خاندان ایک دوسرے کو جانتے تھے۔