تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدارامن قائم نہیں ہوسکتا: پاکستان
نیویارک: پاکستان نے کہا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ناقابل تنسیخ اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے نیویارک میں ایکرڈ کالج سینٹ پیٹرزبرگ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے طلبا کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کشمیر کاز کی مرکزی حیثیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا اور نہ ہی خطے میں اقتصادی ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطینیوں کو اپنی ریاست قائم کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا، مشرق وسطی مجموعی طور پر غیر مستحکم رہے گا اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کو نقصان پہنچتا رہے گا۔عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی شمولیت کا سخت مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد برائے اتفاق (UfC)گروپ کے ایک حصے کے طور پر پاکستان چاہتا ہے کہ اصلاحات کا عمل اس طرح سے شروع کیا جائے جو کونسل کو زیادہ جمہوری، موثر، شفاف اور جوابدہ بنائے۔