یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر خیبر پختونوا میں ریلی نکالی گئی
پشاور:یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر خیبر پختونوا میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے گورنر ہائوس تک ریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے ریلی کی قیادت کی۔ نگران کابینہ اراکین ،سرکاری حکام،سول سوسائٹی کے اراکین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاکہ اور کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہو جائیں گے۔ گورنر غلام علی نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کشمیری عوام کیلئے سیاہ ترین دن ہے اوربھارت کے 5اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت نے قبضہ کر کے اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے روگردانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو بدترین ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا ہے تاہم وہ کشمیریوں کے اپنے بنیادی حق ِخودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے حق ِخود ارادیت کی جدوجہد میں ان کی مثالی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی افواج کی جانب سے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں اور ان کی قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جائیں گی۔ امتیاز وانی نے اس موقع پرکہاکہ27اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے ، 1947میں اس دن بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیرپر قبضہ کرلیاتھا۔انہوں نے یوم سیاہ منانے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہیں ۔انہوں ے کہاکہ بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانہیں سکتا۔ امتیاز وانی نے اقوام متحدہ اور اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں اور نہتے کشمیریوںکا قتل عام بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ ریلی کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، کیلئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے۔