آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں: بیرسٹر سلطان محمود چوہدری
مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، یہاں سے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لئے ہمیں کمر بستہ ہو جانا چاہیے کیونکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آئے روز کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور اس نے کشمیری عوام کو اپنے ہی گھروں میں قید کررکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیرہائوس اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کے دوران بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے اور حریت قیادت کو پابند سلاسل کیاہوا ہے، ایسے حالات میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو متفق و متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے ملکی و عالمی سطح پرجارحانہ اور موثر انداز میں اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسئلہ کشمیر کوملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر آزاد جموں وکشمیر نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جنگ لڑی ہے اور مودی حکومت کے انسانیت سوزاور ناپاک عزائم کا پردہ چاک کیا ہے جس پر پوری کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اورسابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔