بھارت : کیرالہ میں دلت لڑکی ایتھلیٹ کی دو سال تک عصمت دری کی گئی
ترواننتا پورم:بھارتی ریاست کیرالہ میں 18سالہ دلت لڑکی ایتھلیٹ کو اس کے اسپورٹس ٹرینرزاور ساتھی کھلاڑیوں سمیت تقریبا 60افرادنے دو سال سے زائد عرصے تک کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ معاملہ مقامی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی کونسلنگ کے دوران اس وقت سامنے آیاجب متاثرہ لڑکی کے اساتذہ نے اس کے رویے میں تبدیلیاں محسوس کیں۔ پولیس نے متعدد ایف آئی آرز درج کی ہیں اورلڑکی کی عصمت دری اور اس کا استحصال کرنے کے الزام میں اب تک 15افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ٹرینر اور ہم جماعت ساتھی شامل ہیں۔زیادتی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب متاثرہ لڑکی صرف 16 سال کی تھی اور یہ گھنائونا جرم عوامی مقامات اور اس کے اسکول سمیت مختلف مقامات پر کیاگیا۔ پولیس کی تفتیش میں اب تک40مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔پٹھانمتھیٹا چائلڈ ویلفیئر کمیٹی(سی ڈبلیو سی)نے کہا کہ ضلع سے باہر کے لوگ بھی اس کیس میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ سی ڈبلیو سی کے چیئرمین نے کہا کہ لڑکی 13سال کی عمر سے ہی جنسی استحصال کا نشانہ بنتی رہی ہے۔