پاکستان نے راج ناتھ کے دعوئوں کو بے بنیاد اور کشمیر کے بارے میں حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش قراردیا
HindutvaIndia#
اسلام آباد: پاکستان کی حکومت اورپاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی رہنمائوں نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کومکمل طور پر بے بنیاد اور کشمیرکے بارے میں حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راج ناتھ سنگھ کے بیان کوکشمیر کاز کے تاریخی حقائق کو مسخ کرنے اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو کمزور کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی۔پاکستان نے کہاکہ اس طرح کے دعوے بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے سیاسی فائدے کے لیے خاص طور پر ہندو اشرافیہ کو متاثر کرنے کے لئے کرتی رہتی ہے کیونکہ اسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر گرتی ہوئی ساکھ اور بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے جموں کے علاقے اکھنور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھاکہ آزاد جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے اسے بھارت کا تاج قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ یہ پاکستان کے لئے غیر ملکی علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آزاد جموں و کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ پاکستان نے ان دعوئوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیری عوام کی خواہشات نے جیسا کہ حال ہی میں منعقدہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے اسمبلی انتخابات میں نظرآتی ہیں، بی جے پی کے بیانیے اور جھوٹے دعوئوں کو بھاری اکثریت سے مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان اور اس کی سیکیورٹی ایجنسیوں بشمول آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی بھارت کی بار بار کوششوں کے باوجود عالمی برادری بھارت کی جھوٹی خبرین پھیلانے کی مہمات سے تیزی سے آگاہ ہو رہی ہے۔پاکستانی قیادت نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خود کو ایک متاثرہ ملک کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔مقبوضہ علاقے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لئے منظم کریک ڈائون کیا جارہا ہے جس میں بی جے پی حکومت کالے قوانین کو ہتھیار کے طورپراستعمال کر رہی ہے اور مقامی آبادی کے خلاف جابرانہ اقدامات کر رہی ہے۔وادی گلوان میں بھارت کی ذلت آمیز شکست نے جہاں اس نے بغیر کسی لڑائی کے چین کے ہاتھوں 2,000مربع کلومیٹر علاقے کا کنٹرول کھو دیا، اس کی مسلح افواج کی ساکھ کو مزید داغدار کر دیا ہے۔ بی جے پی قومی اور بین الاقوامی محاذوں پر متعدد ناکامیوں سے دوچار ہے، اب اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیرکے بارے میں بھارت کا پروپیگنڈہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کے سواکچھ نہیں ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو اس کے اقدامات پرجوابدہ ٹھہرائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔