بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی دی: وزیر اعظم شہاز شریف
ویانا:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ویانا میںپاکستان اور اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مابین تعاون کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو آج جغرافیائی کشیدگی اور موسمیاتی دباو¿ جیسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، پائیدار ترقی ہی واحد راستہ ہے جو عالمی امن کی ضمانت دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، 2022 کے سیلاب کی تباہ کاریاں اور نقصانات آج بھی ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں، نوجوان آبادی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اور ترقی کا عظیم موقع ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کثیر قطبی دنیا کے تقاضوں کے مطابق مضبوط اور فعال بنانا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا فائدہ مخصوص طبقوں تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کو ملنا چاہیے۔واضح رہے کہ اس تقریب میں ہونے والے معاہدوں میں یونیڈو (UNIDO) پروگرام برائے کنٹری پارٹنرشپ پاکستان 2025 تا 2030، یواین او ڈی سی (UNODC) کنٹری پروگرام پاکستان، اور انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی لاہور (INMOL) اور آئی اے ای اے کے مابین تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔






