آج”یوم تکبیر” ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے
ایٹمی حصار اور مسلح افواج دشمن کے راستے کی رکاوٹ ہیں، وزیر اعظم
- یہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، آئی ایس پی آر

اسلام آباد: پاکستان کیطرف سے28مئی 1998 کو کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں آج” یوم تکبیر” ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستان مسلم امہ کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا۔ بھارتی ناپاک عزائم کو خاک میںملانے کیلئے کیے گئے جوہری دھماکوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
اس دن پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور اپنے دفاعی ہتھیاروں میں ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا، پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی قیادت میں پاکستانی سائنسدانوں کی ٹیم نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ پہاڑوں میں ایٹمی تجربات کئے۔
وزیراعظم شہہاز شریف نے آج ”یوم تکبیر” پر قوم کے نام پیغام میں کہا اگر ایٹمی قوت نہ بنتے تو دشمن ہر حد پار کرسکتا تھا، ایٹمی حصار اور مسلح افواج دشمن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ سازش کا ڈرامہ رچایا، قوم اور افواج نے یکجا ہوکر بھارتی عزائم ناکام بنائے، بنیان مرصوص فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا افغان رجیم دشمن عزائم میں سہولت کا بنی ہوئی ہے، شکست کے بعد دشمن فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان جیسی پراکسیز کی پشت پناہی کررہا ہے۔وزیراعظم نے واضح کیاکہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہماری بہادر مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس مادرِ وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، اس ملک کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، آپریشن غضب للحق کے ذریعے تمام فتنوں کا خاتمہ کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیرچیف اور نیول چیف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اس دن پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا، یہ عظیم سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خود مختاری کی علامت ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، پاکستان کی دفاعی و اسٹریٹجک صلاحیت مقدس قومی امانت ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں،انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات کی بدولت ہے اور یہ کامیابی پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے، یہ خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔





