بھارت طوفان سے متاثرہ سری لنکا کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہا ہے: پاکستان
اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سری لنکا کو انسانی امداد پہنچانے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے جہاں سے طوفان کے سبب شدید سیلاب اور زمین کھسکنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترِ خارجہ نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان سے سری لنکا کے لیے انسانی مدد میں رکاوٹ بن رہا ہے، خصوصی امدادی پروازسری لنکا روانہ کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سے اجازت ملنے میں 60گھنٹے سے زائد تاخیر کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب بھارت کی جانب سے پرواز کی جزوی اجازت جاری کی گئی جو 48گھنٹے بعد دی گئی اور عملی طور پر غیر موثر تھی کیونکہ یہ اجازت صرف چند گھنٹوں کے لیے تھی اور واپسی کی پرواز کے لیے اس کی کوئی توثیق نہیں تھی، جس نے سری لنکا کے بھائیوں کے لیے اس ہنگامی ریلیف مشن کو شدید طور پر متاثر کیا۔واضح رہے بھارت اور پاکستان نے رواں سال اپریل میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سے ایک دوسرے کے طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔






