ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بھارتی نژاد سویڈیش ماہر تعلیم کی اوورسیز سٹیزن شپ منسوخ کرنے پر مودی حکومت پر کڑی تنقید
نئی دلی:انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مودی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی نژاد سویڈش ماہر تعلیم اور دانشور اشوک سوین کا اوورسیز سٹیزن شپ کا درجہ منسوخ کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنسٹی انثرنیشنل انڈیا نے ایک بیان میں اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "ظالمانہ” اور حکومت پر تنقید کرنے پر سوین کو سزا دینے کی ایک کوشش قرار دیاہے۔سوین کے OCI اسٹیٹس کی منسوخی نے اسے بھارت میں اپنی علیل والدہ سے ملاقات سے روک دیا ہے ۔ تاہم ایک حالیہ پیش رفت میں دلی ہائی کورٹ نے سوین کے OCIکارڈ کو منسوخ کرنے کے مودی حکومت کے حکمنامے کو مسترد کر دیا ہے ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ سوین کے او سی آئی اسٹیٹس پر ایک نیا حکم نامہ جاری کرے، جس سے سوین کیلئے امید کی کرن پیداہو گئی ہے کہ وہ بھارت جاکر اپنی علیل والدہ سے ملاقات کر سکے گا ۔یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب مودی حکومت نے اپنی پالیسیوں پر تنقید کرنے پر ناقدین، بشمول ماہرین تعلیم، کارکنوں اور صحافیوں کے ویزے منسوخ کئے ہیں۔