آزاد کشمیر

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے: وزیر اعظم آزادکشمیر

اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کی جانب سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں تاکہ جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ مودی کے بھارت میں اقلیتوں کو نہ تو مذہبی آزادی حاصل ہے اور نہ ہی ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کینیڈا میں سکھ رہنمائوں کے قتل میں ملوث ہے اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے بین الاقوامی میڈیا پر زور دیا کہ وہ دوہرے معیار کو ترک کرے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہونے والے مظالم کو بے نقاب کرے۔چوہدری انوار الحق نے کشمیریوں کی مسلسل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال ہے۔ جموں وکشمیر کے تینوںخطوں آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کشمیری اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہوئے۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق، مقبوضہ کشمیر سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے انسانی زنجیر بنائی اورملکر” کشمیر بنے گا پاکستان”،” ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” جیسے نعرے لگائے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button