دیرینہ مسئلہ کشمیرتسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، سابق وزیراعظم چوہدری انوارلحق
اسلام آباد:
آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیرتسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، جسے کسی بھی صورت بھارت کا داخلی معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال میں کشمیری قیادت کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ بیانیے کافروغ انتہائی اہم ہے کیونکہ تحریک آزادی کشمیر پوری قوم کی اجتماعی میراث ہے، جسے قربانی، اصول پسندی اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔ ا س موقع پر تحریک آزادیِ کشمیر کو درپیش چیلنجز، بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشتگردی ، آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی بھارت کی مذموم کوششوں، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔چوہدری انوار الحق نے حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد کے صاحبزادے کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اورلواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ حریت کنوینر غلام محمد صفی نے سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تحریک آزادیِ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ان کے عملی اقدامات قابل قدر اور تاریخی حیثیت کے حامل ہیں ۔ملاقات میں ڈاکٹر انعام الحق، ڈائریکٹر G TV نیوز سید قیوم بخاری، سینئر تجزیہ نگار خواجہ عبدالمتین اور پبلک نیوز کے رپورٹر رئیس احمد خان بھی موجود تھے۔





