پاسبان حریت کے زیر اہتمام مظفر آبا د سے چکوٹھی تک بھارت مخالف احتجاجی ریلی
مظفرآباد 10 دسمبر (کے ایم ایس)
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آج پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد سے کنٹرول لائن کے قریب چکوٹھی تک بھارت مخالف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کیخلاف مظفرآباد سے نکلنے والا ہزاروں افراد کا احتجاجی قافلہ گڑھی دوپٹہ، ہٹیاں بالا اور چناری سے پیدل مارچ کرتے ہوئے چکوٹھی پہنچا۔ قافلے کے شرکاء نے ہاتھو ں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی، حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے اور کشمیری نظربندوں کی رہائی کے نعرے درج تھے ۔اس موقع پر مظاہرین نے بھارت مخالف اورشہدائے کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے ۔ مظاہرین نے چکوٹھی میں سرینگر روڈ پراحتجاجی دھرنا دیا۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، ہیومن رائٹس موومنٹ کے صدر بلال احمد فاروقی، صاحبزادہ ابرار جہانگیر، تنظیر اقبال، چوہدری شہباز ، فیصل گیلانی، راجہ قاصد اور قاری طاہر نے احتجاجی ریلی اور دھرنے کے شرکا سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بھی مودی کی فسطائی بھارتی حکومت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ جموں وکشمیر میں نہتے شہریوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں سوا کروڑ کشمیریوں کے مذہبی،سیاسی اور سماجی تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت،بدترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قراردیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی تعیناتی ،کشمیریوں کے قتل عام کیلئے سیاہ قوانین کے نفاذ اور گھر گھر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کا وکیل اور مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے اپنے امن مشن فوری وادی کشمیر بھیجیں۔مقررین نے بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر فضا بھارت مخالف فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔