پوسٹروں پر کشمیریوں سے شہدائے جموںکو خراج عقیدت پیش کرنے کی اپیل
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے شہدائے جموںکو ان کویوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو جنونیوں نے جموں خطہ کے مختلف علاقوں میں 1947 میں نومبر کے پہلے ہفتے میں لاکھوں کشمیریوں کواس وقت شہید کردیا تھا جب وہ پاکستان ہجرت کررہے تھے۔ہر سال کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور شہدا کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے06نومبر کو یوم شہدا کے طور پر مناتے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور ریزسٹنس یوتھ فورم کی جانب سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں شہدائے جموںکی قربانیوںکو اجاگر کیاگیا ہے۔پوسٹروں میں امام صاحبان اور خطیبوں سے بھی کہا ہے کہ وہ شہدائے جموں سمیت ان تمام کشمیریوں کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کریں جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پوسٹروں میں مزیدکہاگیا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائیگا ۔پوسٹروں کو ٹویٹر، فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپ لوڈ کیاگیا ہے ۔