شہدائے کشمیر کا خون رائیگاں نہیںجائے گا، فضل الرحمان
اسلام آباد: پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کا نوٹس لے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میںکہا کہ بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں حق خودارادیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سات دہائیوں میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔ عالمی برادری کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا نوٹس لے۔انہوں نے بھارتی جبر کو تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔