حق خود ارادیت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے: یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد:چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی عالمی و علاقائی فورمز پر سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوسف رضاگیلانی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میںعالمی برادری پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی افواج کا غیر قانونی قبضہ انتہائی شرمناک اقدام تھا ۔ انہوں نے کہاکہ 27اکتوبر کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آج کا دن مقبوضہ جموں و کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو ظلم و بربریت سے دبانے کی ہر کوشش ناکام رہی ہے۔بھارت کے آئین میں تبدیلی اور جعلی انتخاب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے مستردکردیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیر ی عوام کی تحریک حق خود ارادیت کی حمایت اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عر صے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے اپنے پیغام میں کشمیر کی تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔