مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس کے سم کارڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف چھاپے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے سم کارڈ کے کاروبار سے وابستہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر چھاپوں کے دوران30افراد کو گرفتار کر لیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں چھاپوں کے دوران 30سے زائد کشمیریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ قابض حکام نے گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لئے ان لوگوں پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگایا ہے۔مودی حکومت نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد علاقے پرمسلط کردہ قوانین کی تعمیل نہ کرنے کے جھوٹے الزام پر سرینگر، گاندربل، اسلام آباد، بڈگام، پلوامہ، شوپیاں، بانڈی پورہ، سانبہ اور کشتواڑ سمیت متعدد اضلاع میں سم کارڈ فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر چھاپہ مارکارروائیاں کیں ۔تاہم تجزیہ کار ان چھاپوں کو کشمیری عوام کو معاشی طور پر کمزورکرنے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ قراردیتے ہیں۔