کٹھوعہ، بارہمولہ میں شہریوں کے قتل پر بھارت کے انسانی حقوق کمیشن میں شکایت درج
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے کٹھوعہ اور بارہمولہ اضلاع میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو شہریوں کے قتل پر بھار ت کے انسانی حقوق کمیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں اسے مداخلت کی درخواست کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ شکایت آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس اینڈ ہارمنی (OHRH)کے بانی ایڈوکیٹ نکھل پادھا نے درج کرائی ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے 25سالہ مکھن دین اور بارہمولہ کے علاقے سوپور سے تعلق رکھنے والے 32سالہ وسیم احمد میر کوبھارتی فورسز کے اہلکاروںنے ماورائے عدالت قتل کیا جس سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔یہ واقعات انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔نکھل پادھا نے انصاف کی فراہمی اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے دونوں واقعات کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔شکایت میں کمیشن سے فوری طور پر نوٹس لینے اور ہائی کورٹ کے موجودہ یا ریٹائرڈ جج کے ذریعے تحقیقات کرانے ،شواہد سے چھیڑ چھاڑ کو روکنے کے لیے تفتیش کے دوران ملزم اہلکاروں کی معطلی اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے طرز عمل کی نگرانی کے لیے ایک نگرانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس اینڈ ہارمنی نے متاثرہ خاندانوں کے لیے انصاف اور احتساب کی ضرورت پر زور دیا ہے۔