دفعہ 370کے بارے میں دھنکرکا دعویٰ تاریخی حقائق کے برعکس ہے : یوسف تاریگامی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ )کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے بھارت کے نائب صدر جگدیپ دھنکر کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دفعہ370کا مسودہ تیار کرنے سے انکار کیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوسف تاریگامی نے اس دعوے کو تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف قرار دیا۔انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ امبیڈکر کی تصانیف بشمول ان کی کتاب” پاکستان یا تقسیم ہند ”میں کہیں بھی اس انکار کا ذکر نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کا مسودہ تیار کرنے کا کریڈٹ گوپالاسوامی آئنگر کو جاتا ہے جو 7رکنی ڈرافٹنگ کمیٹی کا حصہ تھے جس نے بھارتی آئین تیار کیا تھا۔یوسف تاریگامی نے کہاکہ آئین ہند کی دفعہ 370کو17اکتوبر 1949کو دستور ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ اسے دفعہ306Aکے طور پر منظورکیا گیا تھا۔