بھارت :الہ آباد میں مودی کے تنقیدی ہورڈنگز لگانے پر پانچ افرادگرفتار
الہ آباد12جولائی(کے ایم ایس)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر الہ آباد میں جس کا نیا ہندو نام پریاگ راج ہے، پولیس نے نریندر مودی کے دورحکومت میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کسانوں کے احتجاج اور بے روزگاری کو اجاگر کرنے کے لیے لگائے گئے بینرز کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف کرنل گنج پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے دو اہم مقامات پر لگائے گئے بینرز کا مقصد وزیر اعظم مودی کو بدنام کرنا ہے ۔پولیس کے مطابق یہ ہورڈنگز تلنگانہ کے ایک سائی کے کہنے پر لگائے گئے تھے جو تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس)سے وابستہ ہے۔ ٹی آر ایس حال ہی میں مودی حکومت پر سخت تنقید کرنے والی پارٹی کے طور پر ابھری ہے۔ پارٹی کے سربراہ اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر را ئو مودی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہیں۔ بینرز میں مودی کی تصویر ہے جسے کارٹون کی شکل میں پیش کیا گیا ہے اوراس کے ہاتھ میں کھانا پکانے کا گیس سلنڈر ہے جبکہ سلنڈر کی قیمت نیچے چھپائی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ”آپ نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران بہت سی جانیں لے لی ہیں”اور”نوجوانوں کے خواب کنٹریکٹ ملازمتوں سے چکنا چورہوچکے ہیں”۔ ایک اور لائن میں کہا گیا ہے کہ” مودی صاحب کا گراف روز بروز بڑھ رہا ہے”۔ گرفتار افراد کی شناخت انیکیت کیسروانی، ابھے کمار سنگھ، راجیش کیسروانی، شیو اور دھرمیندر کمارکے طور پر کی گئی ہے۔مقامی ایس پی دنیش کمار سنگھ کے مطابق پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیج کی بنیاد پر گرفتاریاں کی ہیں اور مذکورہ ہورڈنگز شہر کے دو نمایاں مقامات پر لگائے گئے ہیں۔