کشمیری سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے،دیویندر سنگھ
جموں 04ستمبر ( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ نے کشمیری عوام کو اپنے محبوب قائد سید علی گیلانی کی تدفین میں شرکت اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت سے روکنے کیلئے پوری وادی کو جیل میں تبدیل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہے بلکہ عالمی قوانین کی بھی دھجیاں اڑا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور بھارت سے آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کی اور حریت کانفرنس اپنے قائد کے مشن کو پایہءتکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ دیویندر سنگھ نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا اورایک روزا سے مقبوضہ علاقے سے نکلناپڑے گاکیونکہ یہ نوشتہ دیوار ہے۔ سوشل پیس فورم کے چیئرمین نے اقوام متحداور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںسے اپیل کی کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور جب تک اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔