نہتے کشمیریوں کیخلاف اعلان جنگ پر بھارت کی مذمت
سرینگر31 اگست (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر فریڈم فرنٹ نے بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ میں شہید ہونے والے تینوں کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فریڈم فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خصوصا رواں ماہ جس طرح سے خوف و دہشت کاماحول قائم کیاگیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت نے بے گناہ اورنہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی برادری کیلئے اہم وقت ہے کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی توڑے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائے۔ترجمان نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اوران کی فوری رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔
ادھراسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض بھارتی فوجی جنہیں مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے جموں وکشمیر جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال پرعالمی برادری کوفوری مداخلت کرنی چاہیے ۔KMS-13/Y