APHC

تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں: حریت کانفرنس

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودہ سنگین صورتحال کا نوٹس لیں جہاں بھارتی حکومت کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنارہی ہے اورانہیں جیلوں میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے بلا جواز گرفتاریاں، نظربندیاں، ہراساں کرنا اور لوگوں کے حقوق سلب کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتی۔ حریت ترجمان نے کنن پوش پورہ اور چیک سید پورہ کے علاقوں میں بھارتی فورسز کی طرف سے اجتماعی عصمت دری کے دل دہلا دینے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنسی تشدد کے ان ہولناک واقعات نے کشمیریوں کے دلوں اور روحوں کو زخمی کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ 23فروری 1991کو پیش آنے والے کنن پوش پورہ کے سانحے نے وادی کشمیر کو ہلا کر رکھ دیا تھا ۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو کشمیرکے حوالے سے اپنے وعدے پورا نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button