مودی حکومت کی طرف سے وعدے پورے نہ کرنے کے خلاف لداخ میں مکمل ہڑتال
سرینگر 13 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لداخ خطے کے لوگوں نے اگست 2019 میں بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے بعد مودی حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال لداخ میں سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے دو سرکردہ گروپس لہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے مشترکہ طورپردی تھی۔یہ دونوں پلیٹ فارمزمودی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی بھارتی آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے بعد تشکیل پائے تھے۔ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو مختلف علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیاتھا۔ ہڑتال کی کال اس لیے دی گئی تھی کہ بھارتی وزارت داخلہ نے نہ تولہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کو مذاکرات کی دعوت دی اور نہ ہی مذاکرات کے لیے کوئی کمیٹی قائم کی۔